ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: گرما گرم بحث کے بعد میونسپالٹی دکانوں کی نئے سرے سے نیلامی کی کارروائی کو میونسپالٹی کے عام اجلاس میں منظوری

بھٹکل: گرما گرم بحث کے بعد میونسپالٹی دکانوں کی نئے سرے سے نیلامی کی کارروائی کو میونسپالٹی کے عام اجلاس میں منظوری

Fri, 17 Feb 2023 18:56:18    S.O. News Service

بھٹکل :17؍ فروری (ایس اؤ نیوز)بھٹکل میونسپالٹی کی تحویل والی 21 دکانوں کی نیلامی کی کارروائی میں کئی ساری خامیاں اورکمزوریاں ہیں۔ پوری کارروائی کو ختم کرکے نئے سرے سے نیلامی کی کارروائی کرنے جمعرات کو منعقدہ میونسپالٹی کےعام اجلاس میں منظوری دی گئی۔ البتہ اس تعلق سے میونسپل چیف آفسرسریش کےایم نے واضح کیا کہ میونسپالٹی کی طرف سے لیاگیا فیصلہ قانون کی خلاف ورزی کرتاہے،اس لئے اس سلسلےمیں ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ سونپنے کی جانکاری دی۔ اس طرح اب یہ قانونی جنگ ڈی سی کےکورٹ تک پہنچنا یقینی ہوگیا۔

چیف آفیسر سریش نے جیسے ہی میونسپالٹی کےعام اجلاس میں ملتوی کئے گئے دکانوں کی نیلامی کی تاریخ طئے کرنے کی بات پیش ہوئی تو اس پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے میونسپالٹی ممبران الطاف کھروری، عبدالرووف نائطے ، عبدالعظیم اوراسٹائنڈنگ کمیٹی کے چیرمن امشاد وغیرہ نے کہاکہ دکانوں کی نیلامی کی کاروائی صحیح ڈھنگ سے نہیں ہوئی ہے، نیلامی میں شریک ہونے کےلئے ڈی ڈی لے کر آنے والے کئی لوگوں کو افسران نے اپنا فارم جمع کرنے کاموقع نہیں دیا ہے، افسران ٹینڈر وصول کرنے کے بجائے دفتر کے باہر گھومتے رہے، اورخواہش مندوں سےکہا گیا کہ دکانیں خالی نہیں ہیں۔ کونسلروں نے راست چیف آفسر پر ہی جھوٹ بول کر دھوکہ دینے کا الزام لگایا۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ پورے معاملے میں گڑبڑی کی گئی ہے اس لئے پوری کارروائی کو رد کرتےہوئے نئے سرے سے ٹینڈر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کی سخت مخالفت کرتےہوئے میونسپالٹی کے نامزد ممبران شریکانت نائک، شری پد کنچوگاروغیرہ نے کہاکہ ایک مرتبہ جب نیلامی کی کارروائی شروع ہوجاتی ہے تو اس میں ممبران ہوں یا صدر ، مداخلت کرنا غیر قانونی ہے۔ کسی کو فائدہ پہنچانے کےلئے نئے سرے سے نیلامی کی کارروائی کرنا صحیح نہیں ہے۔ ان لوگوں کا مطالبہ تھا کہ ملتوی کئے گئے ٹینڈر کو ہی جاری رکھتے ہوئے تاریخ طئے کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام بولی لگانےوالوں کو اطلاع دے کر ایک دو دنوں کے اندر نیلامی کی کارروائی شروع کی جائے۔ معاملے کو لےکر ممبران کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ اس کے بعد صدر نے ممبران کی کثرتِ رائے سے فیصلہ سنایا کہ نیلامی کے لئے نئے سرے سے کارروائی کی جائے گی۔

نئےسرے سے نیلامی کی کارروائی کولےکربات چل رہی تھی تو چیف آفیسر نے کہا کہ میونسپالٹی کا فیصلہ غیرقانونی ہے، اس سلسلےمیں ڈی سی کو رپورٹ سونپی جائے گی۔ لیکن چیف آفیسر کی باتوں کی پرواہ نہ کرتےہوئے صدرپرویز قاسمجی، نائب صدر قیصرمحتشم، اسٹائنڈنگ کمیٹی کے چیرمن امشاد اوربہت سارے ممبران نے کہا کہ ہم نے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہی فیصلہ لیاہے۔ اگر میونسپالٹی ممبران کافیصلہ غیرقانونی ہے تو پھرخود ڈی سی ہی اس سلسلےمیں فیصلہ لیں۔ اس کے بعد قانون کے مطابق آگے بڑھنے کی بات کہتے ہوئے معاملے کو ختم کیا۔

اس سے قبل میونسپالٹی حدود میں بارش سےپہلے اندرونی نالیوں کی صفائی کے متعلق ممبر شری کانت نے توجہ دلائی ۔تو دیگر ممبران نے  شادی ہال کےلئے فیس، دکانوں کو بیوپار کی منظوری دینےکی فیس میں اضافہ سمیت کئی موضوعات  کو پیش کیاگیا ۔

انتخابات کے بعد مچھلی مارکیٹ کی منتقلی :میونسپالٹی کے عام اجلاس میں افتتاح ہوکرپانچ سال بیت جانے کے باوجود ابھی تک  نئی مچھلی مارکیٹ کادروازہ بند ہی رہنے کو لےکر  بحث ہوئی ۔ ممبرعبدالعظیم، الطاف کھروری اورعبدالرووف نائطے نے معاملے کو پیش کرتےہوئے کہا کہ پرانی مچھلی مارکیٹ کےلئے ٹینڈر نہیں لینا چاہئے، اگر کچھ کرنا ہی ہے تو نئی مچھلی مارکیٹ کے لئے نیلامی کی کارروائی شروع کریں۔ اس پراعتراض جتاتےہوئے ممبر شری کانت نے کہاکہ جو لوگ راستہ کنارے بیٹھ کرمچھلیوں کو بیچتے ہیں انہیں نئی مچھلی مارکیٹ میں منتقل کرنے کا کام کیا جانا چاہئے، اس کے مطابق پرانی مچھلی مارکیٹ کو پہلے کی طرح ہی بحال رکھنا چاہئے ممبران کے موافق ومخالف دلائل کی سماعت کے بعد صدر پرویز قاسمجی نے بتایا کہ پرانی مچھلی مارکیٹ کی عمارت خطرےمیں ہونے کے متعلق محکمہ آب پاشی کی طرف سے تحریرآئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈی سی کو بھی بتایاگیا ہے۔ مچھلی مارکیٹ کی منتقلی کےلئے پولس سکیورٹی بھی طلب کی گئی ہے۔ پولس افسران نے انتخابات کےبعد سکیورٹی فراہم کرنے کا تحریری جواب دیا ہے۔ اس لئےانتخابات کے بعد یقینی طورپر مچھلی مارکیٹ منتقل ہوجائے گی۔ اس کے بعد ہی نیلامی کی کارروائی کرنے کا انہوں نے تیقن دیا۔

 


Share: